آصف علی زرداری
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا شبِ برات کے موقع پر قوم کے نام پیغام
***
بسم الّلہ الرحمٰن الرحیم
شبِ برات اسلامی تقویم کی نہایت بابرکت راتوں میں سے ایک ہے، جو پندرہویں شعبان المعظم کو آتی ہے۔ اس مقدس رات کو الّلہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندوں کے لیے فیصلوں کی رات قرار دیا گیا ہے۔ یہ رات انسان کو توبہ و استغفار، محاسبۂ نفس اور الّلہ تعالیٰ کی طرف رجوع کا خصوصی اور قیمتی موقع فراہم کرتی ہے۔ علمائے کرام کے مطابق شبِ برات وہ مبارک رات ہے جس میں بخشش، رحمت اور نجات کے فیصلے صادر ہوتے ہیں۔
شبِ برات امتِ مسلمہ کے لیے الّلہ تعالیٰ کی خصوصی عنایات، رحمت اور مغفرت حاصل کرنے کی عظیم رات ہے۔ اس بابرکت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم کو دلی پیغامِ خیر پیش کرتا ہوں۔ یہ رات ہمیں الّلہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت، اس کے کرم و فضل اور بندوں کے ساتھ اس کی شفقت کی گہری یاد دہانی کراتی ہے۔
شبِ برات ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنے اعمال کا سنجیدگی سے محاسبہ کریں، الّلہ تعالیٰ کے حضور خلوصِ دل کے ساتھ توبہ کریں، اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو نیکی، تقویٰ اور اصلاح کی راہ پر گامزن کریں۔ یہ مقدس رات انسان کو اپنی کوتاہیوں پر ندامت اور مستقبل کے لیے بہتر اور درست راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
اسلام ہمیں صبر، درگزر، رحم دلی اور باہمی ہمدردی کا درس دیتا ہے، اور شبِ برات ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانے کا عملی موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ الّلہ تعالیٰ کی رحمت بے حد و حساب وسعت کی حامل ہے جس میں وہ اپنے بندوں کے لیے مغفرت کے دروازے کھول دیتا ہے۔
میں اس موقع پر قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم شبِ برات کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، معاشرے میں امن، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں، اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔
آج جب پاکستان کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، شبِ برات ہمیں امید، اصلاح اور باہمی اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ یہ رات ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد اور اجتماعی بھلائی کو مقدّم رکھیں۔
میں اس مقدّس رات الّلہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کو امن و سلامتی، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی سے نوازے، ہمیں ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہماری کوششوں کو ملک و قوم کی فلاح کے لیے شرفِ قبولیت بخشے۔
الّلہ تعالیٰ ہمیں شبِ برات کے پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
پاکستان زندہ باد
***