آصف علی زرداری
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا یوم عاشورہ ، 10 محرم الحرام 1446 ھ ، کے موقع پر پیغام
٭٭٭
یومِ عاشورہ کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن رسول اللہ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ آج کے دن امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیاء اور امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے شدید دباؤ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ مؤقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔ آپ نے امت ِمسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا۔
امام حسین رضی اللہ عنہ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں۔ آپ نے دین کی خاطر جان اور اپنے اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان وابتلاء کے وقت میں جلا بخشتی ہیں۔
آج ہمارےکشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے۔ فلسطینی اور کشمیری عوام جبر کے خلاف ، انصاف اور آزادی کے اصولوں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ جدوجہد ان لوگوں کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ۔
موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے ، اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ میں پوری پاکستانی قوم سے صبراور محنت کرنے اور انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے اوراللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ پاکستان کو مشکلات سے نکالے۔
میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں امام حسین کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائےاور اللہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ آمین!
٭٭٭