رمضان المبارک کے آغاز پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا پیغام

آصف علی زرداری
 صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا رمضان المبارک کے آغاز پر پیغام

***

بسم الّلہ الرحمٰن الرحیم

رمضان المبارک پوری امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا عظیم مہینہ ہے۔ میں اس بابرکت مہینے کی آمد پر پوری پاکستانی قوم کو  مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان المبارک ہمیں تقویٰ، صبر، ایثار اور الّلہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتا ہے اور ہماری انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ﴾ سورۃ البقرہ: 183
ترجمہ: اے ایمان والو تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم تقویٰ والے بنو۔

رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ نفس کی تربیت، کردار کی پاکیزگی اور احساسِ ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔ یہ مہینہ ہمیں صبر، شکر، درگزر اور محتاجوں و کمزوروں کے ساتھ ہمدردی کا سبق دیتا ہے، جس کے بغیر ایک صالح اور فلاحی معاشرہ تشکیل نہیں پا سکتا۔

رمضان المبارک ہمیں قرآنِ مجید سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے، نماز کی پابندی، دعا اور ذکرِ الٰہی کے ذریعے اپنی روحانی زندگی کو سنوارنے کا پیغام دیتا ہے۔ یہ مہینہ ہمیں باہمی اخوت، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے اور معاشرتی ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنے کی تلقین کرتا ہے۔

میں اس مقدس مہینے کے موقع پر قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی عملی زندگیوں میں سچائی، دیانت داری، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کو فروغ دیں، اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

آج جب پاکستان کو مختلف سماجی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، رمضان المبارک ہمیں امید، صبر اور اجتماعی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ یہ مہینہ ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد اور اجتماعی بھلائی کو ترجیح دیں۔

میں الّلہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں رمضان المبارک کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی سے نوازے، اور ہماری عبادات، دعاؤں اور نیک اعمال کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

الّلہ تعالیٰ ہم سب کو اس بابرکت مہینے کی رحمتوں اور برکتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

 پاکستان زندہ باد

***

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset