اسلام آباد، 5 فروری، 2025: قائم مقام صدر، سید یوسف رضا گیلانی نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا اور آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے بانی و سربراہ پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قائم مقام صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ ہے۔ وہ ایک عظیم انسان تھے جو محبت، امن اور انسانیت کے لیے بے مثال خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کے انتقال سے دنیا ایک ہمدرد، دردمند اور خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔
قائم مقام صدر نے سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے پسماندہ اور متوسط طبقے کے لیے بے شمار فلاحی کام کیے اور ان کے اقدامات سے لاکھوں افراد مستفید ہوئے۔ آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرکے ایک روشن مثال قائم کی۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے ہمیشہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ ان کی انسانیت کی خدمت کے لیے کی گئی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلنا ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پرنس کریم آغا خان کی وفات پر غمزدہ ہے، اور پاکستان کی حکومت، عوام اور پارلیمان سوگوار خاندان اور اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔
قائمقام صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگواران کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی
توفیق عطا فرمائے۔
***