صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عید الفطر1444ھ  کے  موقع  پر  قوم  کے  نام  پیغام 

میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم  اور تمام عالم اسلام  کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالی کے حضور دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے لیے امن وسلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے اور ملکِ پاکستان کو ترقی ، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے۔

رمضان المبارک  ہمارے اندر جہاں تقویٰ اور پرہیزگاری پیدا کرتا ہے وہیں پر دوسروں کی تکلیف، بھوک اور پریشانی کا احساس  بھی پیدا کرتا ہے ۔ یہ احساس کسی بھی معاشرے سے غربت اور ناانصافی کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ہمیں چاہیے  کہ ہم عید کے اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم تقویٰ ، پرہیزگاری اور احساس کے یہ جزبات اپنے ساتھ پورا سال لے کر چلیں  گے ا ور معاشرے کو خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس وقت پاکستان  کو مشکل سیاسی  اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے۔ بحیثیت پاکستانی شہری ہم سب پر فرض ہے کہ ہم  اس کی اصلاح کے لیے جس قدر ممکن ہو اپنی کوشش جاری رکھیں۔ ہمیں معاشرے کے تنگ دست اور مفلوک الحال طبقے کی مدد اور دادرسی کے لیے صدقہ وخیرات کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں  بھائی چارے، محبت اور رواداری کے فروغ کے لیے برداشت اور صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔  اللہ  تعالیٰ نیکی اور احسان کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے  اور آج ہمیں موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے   بھی بحیثیت قوم درگزر  اور رحم کا جذبہ اپنانے کی ضرورت ہے ۔ اللہ تعالیٰ  بھی  ہمیں معافی اور درگذر سے کام لینے اور دوسروں کی غلطیاں معاف کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو لڑائی جھگڑے اور نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں اور ملک کو  استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اختلاف رائے کے آداب اور تقاضوں کا ہمیشہ خیال رکھیں۔ ہمیں یہ بات پیش ِنظر رکھنی چاہیے کہ ہمارےانفرادی عمل اور کردار ہی دراصل معاشرے کے اجتماعی مزاج اور رویوں کو تشکیل دیتے ہیں۔ لہٰذا  ، ہمیں کسی طور پر اپنی ذاتی اعمال واخلاق کی اہمیت سے صرف نظر نہیں کرنا چاہیے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید  الفطرکے اس بابرکت موقع پر رمضان المبارک کے ہمارے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے۔ اللہ تعالی ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی ، امن اور استحکام عطا فرمائے۔ پاکستانی قوم کو امن، عافیت اور فراوانی عطا فرما کر اس کے دکھوں اور تکلیفوں کا مداوا فرمائے۔ اللہ تعالی پورے عالم اسلام کو  اقوام عالم کے سامنے سرخرو فرمائے۔ آمین!

٭٭٭

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset