صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا12ربیع الاول 1447ھ/2025ءکے موقع پر پیغام

آصف علی زرداری

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا

12ربیع الاول 1447ھ/2025ءکے موقع پر پیغام 

***

بسم اللہ الرحمن الرحیم

آج 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پُرسعید دن پر میں پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو  مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ تاریخی اور یادگار موقع امتِ مسلمہ کے لیے نہ صرف خوشی اور عقیدت کا باعث ہے بلکہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد بھی ہے۔ اس 12 ربیع الاول کے ساتھ ساتھ ولادتِ نبوی ﷺ کے پندرہ سو برس مکمل ہونے کی سعادت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ آفاقی اصولوں؛عدل، رحمت، اخوت اور امن کو اپنے معاشرتی، سیاسی اور تہذیبی ڈھانچوں میں رائج کریں۔ یہ دن پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ایسے رشتے میں پروتا ہے جو ایمان کی بنیاد پر استوار ہے اور جس کا محور صرف اور صرف رسولِ رحمت ﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔

اس تناظر میں  قومی اسمبلی اور سینیٹ نے متفقہ قراردادوں کے ذریعے اس تاریخی موقع کی قومی سطح پر یادگار  طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، جو پوری قوم کی نبی رحمت ﷺ سے والہانہ محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ مزید برآں، اسلامی  تعاون تنظیم  (OIC)نے بھی   سرکارِ کائنات ﷺ کی ولادتِ مبارکہ کے پندرہ سو سال مکمل ہونے پر اس برس کو یادگاری سال قرار دے کر پوری امت کو اس پیغامِ رحمت کے گرد یکجا کر دیا ہے۔

نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ عدل و انصاف، رحم و کرم، اخوت و مساوات اور احترامِ انسانیت ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہیں۔ آج جب دنیا انتہاپسندی، ناانصافی، معاشرتی خلفشار اور ڈیجیٹلائزیشن کے بے قابو رجحانات جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، ہمیں سیرتِ مصطفی ﷺ کی روشنی میں ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

 

امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔ اُنہوں نے ہمیں اتحاد، محبت، اور بھائی چارے کی تلقین کی، اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اُس عمل کو اپنائیں۔  ہم دیکھ رہے ہیں کہ وطنِ عزیز اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی تباہ کاریاں دیکھنے میں آ رہی ہیں ۔ اس ہنگامی صورتحال میں حکومت، مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں تاکہ جلد از جلد متاثرین کی حفاظت اور بحالی ممکن ہو سکے۔ یہی موقع ہے جب ہم سرکارِ دوعالم کی سیرتِ طیبہ سے سبق سیکھتے ہوئے اپنے لوگوں کی کھلے دل سے مدد کر کے ان کی بحالی کو جلد از جلد ممکن بنائیں کیونکہ  نبی اکرم ﷺ بھی ہر حال میں دوسروں کی مدد اور فلاح کے لیے کوشاں رہتے تھے۔

آئیے !ہم اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ان کی روشنی میں اپنے معاشرے کو  مساوات اورامن  کا گہوارہ بنائیں گے۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین!

*****

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset