صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، آصف علی زرداری کا ہجری سالِ نو 1447ھ، 2025ء، کے موقع پرپیغام

آصف علی زرداری
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا ہجری سالِ نو 1447ھ، 2025ء، کے موقع پرپیغام  

***

اسلامی تقویم کے نئے سال 1447ھ  کے آغاز  اس  موقع پر میں پاکستان قوم اور  امتِ مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ رب تعالیٰ میں دعا گو ہوں کہ ہجری سال وطنِ عزیز میں امن، خوشحالی اور استحکام لے کر آئے۔ 
 محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، مگر یہ آغاز محض اعداد کا سفر نہیں بلکہ قربانی اور سچائی کے چراغ سے منور راستہ ہے۔ اس مہینے کی فضا تاریخِ اسلام کی سب سے روشن اور سب سے دردمند داستانوں سے مہک رہی ہوتی ہے۔ یہ مہینہ اسلامی ہجری سال کے حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے۔  ان مہینوں کو اللہ تعالی نے دوسرے مہینوں پر فوقیت دی اور ان میں ہر قسم کے انتشارا ور لڑائی جھگڑے سے منع فرما کر نیکی اور بندگی کے کاموں میں مشغول رہنے کی تلقین فرمائی۔
یہ مقدس مہینہ ہمیں اس امر کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی زندگی کو بھی اجتماعی شعور سے جوڑیں۔ عدل و انصاف، حسنِ سلوک، ایثار، رواداری اور برداشت جیسے اوصاف کو اپنی زندگی میں شامل کریں۔ آج جب کہ ہمارا معاشرہ معاشی و سماجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ہمیں اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی جیسے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
     محرم الحرام ہمیں یہ عظیم درس دیتا ہے کہ جب بھی کسی قوم کی خودمختاری، نظریاتی اساس یا قومی وقار کو کسی داخلی یا خارجی قوت سے خطرہ لاحق ہو، تو قوموں کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے یکجہتی، عزمِ صمیم اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے ۔ آج کے حالات میں ہمیں اسی جذبۂ کربلا کی ضرورت ہے، جو ہمیں فرقہ واریت، انتشار اور مایوسی سے نکال کر ایک غیر متزلزل قومی شعور عطا کرتا ہے۔
    دعا ہے کہ یہ ہجری سال پاکستان کے لیے خیر، امن، اتحاد اور ترقی کا پیامبر ثابت ہو۔ اور ہر قسم کی آفات و مصائب اور انتشارسے محفوظ ہو  اور یہ کہ یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن و اشتی  اور ترقی اور خوشحالی کی نوید بن  کر آئے ۔

***

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset