Message from Dr Arif Alvi on the occasion of Minorities' Day i.e. 11 August 2021 (Urdu)

ڈاکٹر عارف علوی

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان

کا اقلیتوں کے دن ، 11 اگست  2021ء، کے موقع پر  قوم کے نام پیغام

***

          پاکستان ہر سال 11 اگست کا دن اقلیتوں کی تعلیم ، سائنس ، عدلیہ ، سول سروسز اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں  خدمات کے اعتراف میں "اقلیتوں کے دن "کے طور پر مناتا ہے ۔ اقلیتوں نے ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین ِ پاکستان کے تحت ضمانت کردہ تمام سیاسی ، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں ۔ ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور ان کے حقوق کی حفاظت  کا بڑا حامی ہے۔ میثاقِ مدینہ میں بھی تمام مذہبی  گروہوں کو یکساں مذہبی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دی گئی تھی۔

          حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہے۔ پاکستان نے  آئین میں اقلیتوں کو فراہم کردہ حقوق کی عملی فراہمی کی نگرانی کیلئے قومی اقلیتی کمیشن  کی تشکیل کی ہے۔ اسی طرح اقلیتوں کو ملک کی معاشی اور سیاسی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کیلئے الگ نشستیں مختص کیں۔ مزید برآں ، اقلیتی برادریوں کے طلباء اور ممبران کی تعلیم اور عبادت گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے گرانٹ اور مالی امداد  کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

          پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی ، سماجی ، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ میں تمام اقلیتی گروہوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ان کے حقوق کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ میں علماء اور میڈیا سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں تعلیم دیں اور پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لیے لوگوں میں محبت ، رواداری ، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دیں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ، آمین!

٭٭٭

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset