میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ عید ہماری زندگیوں میں ڈھیروں مسرتیں اورخوشیاں لے کر آئے ۔
رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں روزہ اور تراویح کی توفیق یقینا ًبہت بڑی سعادت اور خوش نصیبی کی بات ہے۔ روزہ کے ذریعے ہمیں اپنے اندر تقویٰ اور غریب پروری کا جذبہ پیدا کرنے کا جو موقع میسر آیا تھا، ہماری یہ کوشش ہونے چاہیے کہ اس پر ہم مستقل مزاجی کے ساتھ کاربند رہیں۔ عید کے موقع پر ضرورت مندوں اور محتاجوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ کورونا وبا کی وجہ سے جو لوگ معاشی تنگ دستی کا شکار ہیں ان کا خصوصی خیال رکھیں۔
اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس وقت پورا عالم کورونا وائرس کی آزمائش میں مبتلا ہے۔ اس وبا کی ہلاکت خیزی اور ہولناکی ہمارے پڑوسی ملک میں بہت تکلیف دہ صورت اختیار کر چکی ہے۔ اللہ تعالی نے اپنے خصوصی لطف وکرم سے ہمارے عزیز وطن کو کسی بڑے سانحے سے محفوظ رکھا ہے۔ اس پر ہمیں اللہ تعالی کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
اس موقع پر اہم امر یہ ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ عید کے اجتماعات میں کورونا SOPs پر مکمل عملدرآمد کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر یقینی بنایا جائے۔ مصافحہ، معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔ ہم نے پہلی دو لہروں میں بھرپور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور مجھے قوی امید ہے کہ حالیہ لہر میں بھی ہم بحیثیت قوم نظم وضبط اختیار کر کے کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ مزید برآں، اللہ تعالی کے حضور دعائیں کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ و مامون فرما دے۔ آمین!