President Arif Alvi's message on the occasion of Eid-ul-Azha i.e. 21 July 2021 AD/1442 A.H

21/7/2021

ڈاکٹر عارف علوی

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان

کا  عید الاضحیٰ 1442ھ / 2021 ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام

***

میں عید الاضحیٰ کے پر مسرت  اور پُر سعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع   پورے عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔

عید الاضحیٰ کا مبارک موقع حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کے  ایثار و قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتا ہے۔  یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

اس وقت دنیا بھی کورونا وبا کے عالمی امتحان سے گزر رہی ہے۔ اس وبا نے تمام انسانیت کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچا ر ہیں۔  میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ  وہ اس عالمی  امتحان  میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں  اور  احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے  ہوئے ماسک پہنیں ،  ہاتھ دھوئیں  اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ عید ِقربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ  چڑھ کرمدد کریں۔ اس موقع پر اللہ تعالی کے حضور دعائیں بھی  کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کے اثرات سے محفوظ فرمائے۔ آمین!

***

President house