Message from Dr Arif Alvi on the occasion of 75th Independence Day i.e. 14 August 2021 (Urdu)

14/8/2021

ڈاکٹر عارف علوی

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان

کا پاکستان کے 75 ویں  یوم آزادی ، 14 اگست 2021ء، کے موقع پر  قوم کے نام پیغام

****

میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کےپر مسرت  موقع پر اپنے ہم وطنوں کی خوشی میں برابر کا شریک ہوں۔  اس دن ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح  اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنان ، جنہوں نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کی تشکیل کی ، کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنے 74 سالہ سفر کے دوران  ، پاکستان نے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا ،  مگر ہم  اپنی محنت ، قربانوں اور قوم کے تعاون سے ان چیلنجز میں سرخرو ہوئے۔ پاکستانی قوم ایک ذہین اور بہادر قوم ہے  اور مختلف شعبہ جات میں ہماری نمایاں کامیابیاں ہمیں دوسری اقوام سے ممتاز کرتی ہیں ۔ دنیا کو اس امر کی تعریف کرنا  ہو گی کہ پاکستان نے انفرادی طور پر دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی اور بالآخر اس عفریت کو شکست دی۔ اسی طرح پاکستان  کا جوہری طاقت بننا بھی ایک بڑی کامیابی ہے  اور ہماری جوہری صلاحیتوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔  علاوہ ازیں، کورونا وبا  کے خلاف پاکستان  کے مؤثر اقدامات کو  بھی عالمی سطح پر سراہا گیا۔ کورونا وبا کے خلاف اس عظیم کامیابی پر میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس،  علمائے کرام، میڈیا ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں  ۔  ہمارے معاشی اشاریوں  میں بہتری آنے کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

            ان کامیابیوں کے باوجود ، پاکستان کو اب بھی سماجی اور معاشی محاذوں پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ان چیلنجز میں بڑھتی ہوئی آبادی ، صحت اور تعلیم کی سہولیات کا فقدان ، ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی، غذائیت  کی کمی اور دیگر بیماریاں شامل ہیں۔ یہ ایک حوصلہ افزا  امر ہے کہ حکومت نے قرضوں اور ہنر کی فراہمی کے ذریعے خواتین اور معذور افراد کو  معاشی طور پر با اختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں ۔ مزید برآں ، حکومت نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کو تعلیم ، صحت اور مالی امداد کی فراہمی کیلئے "احساس پروگرام" کے تحت سماجی بہبود کے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔ تاہم ، ہمیں خصوصی افراد کی سہولت ، فلاح و بہبود اور وراثت میں خواتین کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اس یوم آزادی کے موقع پر ، ہم تنازعہ جموں و کشمیر پر کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کی بھی تجدید کرتے ہیں۔ میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ میں بین الاقو امی برادری سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھارت کو مجبور کرے کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بےگناہ مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔

            آئیے ،  ہم عہد کریں کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات پر عمل پیرا ہوں گے  اور پاکستان کے اتحاد اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے ۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین!

پاکستان پائندہ باد!

President house